پنگریو کے سینئر صحافی سید علی مراد شاہ کی گرفتاری پر سندھ بھر میں احتجاج، شدید مذمت اور رہائی کا مطالبہ
بدین: مبینہ طور پر بااثر شخصیت کے دباؤ پر پنگریو پریس کلب کے جنرل سیکرٹری اور سینئر صحافی سید علی مراد شاہ کو پنگریو پولیس نے گرفتار کر کے ان کے خلاف بغیر لائسنس پستول رکھنے کا مقدمہ درج کر لیا۔ گرفتاری کے بعد پہلے انہیں لاپتہ کیا گیا اور گزشتہ روز ان کی گرفتاری ٹنڈوباگو تھانے پر ظاہر کر کے مزید کارروائی کے لیے منتقل کر دیا گیا۔ اتوار کی تعطیل ہونے کے باعث صحافی سید علی مراد شاہ کو ڈیوٹی فیملی جج بدین کی کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر بدین ڈسٹرکٹ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

صحافی سید علی مراد شاہ کی گرفتاری پر حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (HUJ)، بدین پریس کلب اور ایوان صحافت بدین کے علاوہ سندھ بھر کے صحافتی حلقوں نے شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ صحافتی تنظیموں نے سندھ حکومت اور آئی جی سندھ پولیس سے گرفتار صحافی کی فوری رہائی، واقعے کی شفاف تحقیقات اور انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔
صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر صحافی کو سچ لکھنے اور عوامی مسائل اجاگر کرنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے تو یہ آزادیٔ صحافت پر سنگین حملہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صحافی کو مبینہ طور پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے والی بااثر شخصیات، متعلقہ پولیس افسران اور اہلکاروں کے کردار کی بھی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
دوسری جانب گرفتار صحافی سید علی مراد شاہ کا موقف ہے کہ انہوں نے ہمیشہ حق اور سچ پر مبنی صحافت کو ترجیح دی ہے اور پولیس نے ان کی صحافتی سرگرمیوں کی وجہ سے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا اور ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے صحافی پر پستول رکھنے کا مقدمہ درج کیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم واقعے کے حوالے سے پولیس کا موقف اور مقدمے کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔
پنگریو، نندو اور ٹنڈوباگو میں پریس کلبوں اور صحافتی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں صحافیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر معاملے کی شفاف تحقیقات نہ کی گئیں اور صحافیوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو سندھ بھر کے صحافی احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔ صحافتی حلقوں نے زور دیا کہ آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔