روایتی چینی طب کا عالمی سفر
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

چین کی سیر کے لیے آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی اب صرف تاریخی مقامات، جدید عمارتوں یا قدرتی مناظر تک محدود نہیں رہی۔ اب بہت سے سیاح چین کی ہزاروں سال پرانی روایتی چینی طب کو بھی قریب سے جاننے اور اس کے عملی تجربات حاصل کرنے کو اپنے سفر کا اہم حصہ بنا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ روایتی چینی طب کے مراکز، ہسپتال اور صحت و بحالی کے ادارے غیر ملکی مہمانوں کے لیے نئی توجہ کا مرکز بنتے جا رہے ہیں، جہاں قدیم طبی روایات جدید سہولتوں اور ٹیکنالوجی کے امتزاج کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کی جا رہی ہیں۔
حالیہ برسوں میں چین آنے والے بہت سے غیر ملکی سیاح روایتی چینی طب کے مراکز کا رخ کر رہے ہیں تاکہ وہ اس قدیم طبی نظام کو عملی طور پر سمجھ سکیں۔ ان مراکز میں آنے والے سیاح مختلف روایتی طریقہ علاج، جیسے موکسی بسشن، ایکیوپنکچر، کپنگ تھراپی، اور جڑی بوٹیوں پر مبنی صحت بخش طریقوں کا تجربہ کر رہے ہیں۔
روایتی چینی طب میں علاج کا آغاز عموماً مریض کی مجموعی جسمانی کیفیت، روزمرہ معمولات، خوراک اور طرزِ زندگی کا جائزہ لینے سے کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد جسم کے مجموعی توازن کو بہتر بنانے کے لیے علاج تجویز کیا جاتا ہے۔ یہی جامع نقطۂ نظر اسے مغربی طب سے مختلف بناتا ہے، جہاں عموماً مخصوص بیماری یا علامت کے علاج پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔
عالمی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی روایتی چینی طب تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے بلاگرز اور سیاح اپنے تجربات شیئر کر رہے ہیں، جس کے بعد چین کے مختلف طبی مراکز میں غیر ملکی مہمانوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
بیرون ملک سے آنے والے افراد نہ صرف روایتی علاج کے مختلف طریقوں میں دلچسپی رکھتے ہیں بلکہ وہ یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ روایتی چینی طب انسانی جسم کو ایک مکمل نظام کے طور پر کیوں دیکھتی ہے اور بیماری سے پہلے صحت کو برقرار رکھنے پر کیوں زور دیتی ہے۔
غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لیے بہت سے مراکز میں مختلف زبانوں میں رہنمائی، دو لسانی معلومات، جدید ادائیگی کے نظام اور بین الاقوامی معیار کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد آسانی سے ان سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اسی طرح کئی روایتی چینی طب کے اداروں نے اپنی مصنوعات، صحت بخش جڑی بوٹیوں، جلد کی نگہداشت سے متعلق اشیا اور طبی خدمات کو بھی بین الاقوامی صارفین کی ضروریات کے مطابق پیش کرنا شروع کر دیا ہے۔ غیر ملکیوں کی دلچسپی اب محض تجسس تک محدود نہیں رہی بلکہ وہ مشرقی طبی فلسفے کو سمجھنے اور اپنی روزمرہ زندگی میں اپنانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔
چین کے متعدد سرکاری طبی اداروں میں بھی غیر ملکی مریضوں اور سیاحوں کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہاں طبی عملہ مختلف روایتی علاج کے طریقوں کا عملی مظاہرہ کرنے کے ساتھ ان کے طبی اصول بھی آسان انداز میں سمجھاتا ہے تاکہ بیرون ملک سے آنے والے افراد علاج کے ساتھ ساتھ اس قدیم طبی نظام کے بنیادی نظریات سے بھی واقف ہو سکیں۔
طبی ماہرین کے مطابق روایتی چینی طب بیماری کے علاج کے ساتھ ساتھ صحت کی بحالی، جسمانی توازن برقرار رکھنے اور طویل المدتی صحت کے انتظام میں بھی مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے علاوہ نسبتاً کم لاگت، آسان رسائی اور کم انتظار کا وقت بھی اسے غیر ملکی سیاحوں کے لیے مزید پرکشش بناتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ روایتی چینی طب میں بھی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ مصنوعی ذہانت، جدید طبی آلات اور خودکار نظام روایتی طریقہ علاج کے ساتھ مل کر علاج کو مزید محفوظ، مؤثر اور سہل بنا رہے ہیں۔ اس امتزاج نے غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی میں مزید اضافہ کیا ہے۔
گزشتہ چند برسوں میں چین نے روایتی چینی طب کے تحفظ، تحقیق، جدت اور فروغ کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ہر سال اربوں افراد روایتی چینی طب کی خدمات سے استفادہ کر رہے ہیں، جبکہ اس شعبے کی سہولتوں اور طبی ڈھانچے کو بھی مسلسل وسعت دی جا رہی ہے۔
چینی حکام کے مطابق آئندہ برسوں میں روایتی چینی طب کی معیاری خدمات کو مزید عام کیا جائے گا، اس کی ثقافت کو فروغ دیا جائے گا اور عالمی سطح پر اس کے اثر و رسوخ میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس قدیم طبی ورثے سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ادھر چین کی جانب سے سیاحت کو آسان بنانے کے لیے ویزا سہولتوں میں بھی مسلسل توسیع کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سیاح اب صرف مشہور سیاحتی مقامات کی سیر تک محدود نہیں رہے بلکہ مقامی طرزِ زندگی، ثقافت، خوراک اور صحت کے روایتی نظام کو بھی قریب سے جاننے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
روایتی چینی طب کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہ صرف علاج کا ایک طریقہ نہیں بلکہ ایک قدیم تہذیب، ثقافتی ورثے اور صحت کے منفرد فلسفے کی نمائندگی بھی کرتی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، بہتر طبی سہولتوں اور بڑھتے ہوئے بین الاقوامی روابط کے ساتھ یہ نظام مختلف تہذیبوں کے درمیان باہمی رابطے اور ثقافتی تبادلے کا ایک مؤثر ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔