ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب سے سیلاب زدہ ساحلی علاقوں کی بحالی کیلئے 100 ملین ڈالر کا اعلان۔

ٹھٹہ : ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان مشن نے صوبہ سندہ کے ٹھٹہ اور بدین اضلاع کے ساحلی علاقوں میں سیلاب کے نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے ان علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی وغیرہ کیلئے 100 ملین ڈالر کے فنڈز مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ٹھٹہ کے دورے پر آنے والے اے ڈی بی پاکستان مشن کے ڈائریکٹر مسٹر وارنر لی پیچ کی زیر سربراہی ایک اعلی سطحی وفد نے دربار ہال مکلی پر ڈی سی او ٹھٹہ محمد جعفر عباسی کی جانب سے سیلاب کے نقصانات کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر صوبائی محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے کنسلٹنٹ محمد عمر میمن نے بھی وفد کو ٹھٹہ و بدین کے ساحلی علاقوں کے عوام کیلئے جاری منصوبہ ایس سی سی ڈی پی کو سیلاب سے پہبچنے والے نقصانات کے حوالے سے بریف کیا۔ بریفنگ میں وفاقی حکومت کے جوائنٹ سیکریٹری جاوید انور، ضلع کے ای ڈی او روینیو ڈاکٹر حفیظ احمد سیال، ای ڈی او ورکس سروسز شفیق الرحمان، ڈی او روینیو آغا شاہنواز بابر، رائو عاطف رضا و دیگر موجود تھے۔ ڈی سی او ٹھٹہ نے اے ڈی بی مشن کو بریف کیا کہ بارشوں کے ساتھہ ساتھہ ٹھٹہ میں سیلاب کی بڑی وجہ ایل بی او ڈی کے نالے تھے، جنہوں نے دو تحصیلوں جاتی اور میرپور بٹھورو کو سخت متاثر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے 18 لوگ ہلاک ہوئے 629 دیہات زیر آب آگئے جہاں پر 8415 گھر مکمل طور پر اور 9846 گھر جزوی طور پر تباہ ہوئے، جس کی وجہ سے 177838 لوگ بے گھر ہوئے اور 108502 ایکڑ پر کھڑی چاول، کپاس اور گنے کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ ڈی سی او نے مزید بتایا کہ سیلاب نے 354 کلو میٹر روڈ اور 341 تعلیمی ادارے تباہ کئے جبکہ 560 تعلیمی اداروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ علائقے کے لوگوں کا ذریعہ معاش زراعت ہے جوکہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے اور اب بھی بہت سارے گاؤں زیر آب ہیں جہاں سے پانی نکالنے کیلئے وقت درکار ہے۔ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے محمد عمر میمن نے وفد کو ساحلی عوام کی خوشحالی کیلئے ٹھٹہ اور بدین میں جاری سندہ کوسٹل کمیونٹی ڈولپمنٹ پراجیکٹ کے زیر اثر علائقوں میں سیلاب نقصانات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ 317 دیہات کو نقصان پہنچا جس کا تخمینہ 13۔907 ملین روپے ہے۔ انہوں نے ان علائقوں میں بحالی کا ترقیاتی کام سمندری طوفان کی مدافعت کرنے والا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد کے سربراہ مسٹر وارنر نے سندہ میں سیلاب کے نقصانات کو بہت بھاری قرار دیا اور کہا کہ زرعی شعبہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے، انہوں نے ٹھٹہ اور بدین کے ساحلی علائقوں کی بحالی کیلئے 100 ملین ڈالر کے فنڈز مہیا کرنے کا اعلان بھی کیا۔ بعد ازاں وفد نے جاتی کے سیلاب متاثرہ علائقوں کا دورہ کیا جس کے دوران پی اینڈ ڈی اور ضلعی افسران بھی وفد کے ساتھہ تھے۔ وفد نے یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دئے جانے والے تاریخی قبرستان مکلی کا دؤرہ بھی کیا۔


مزید خبروں یا اپڈیٹس کے لئے اردو ٹوڈے کا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں.

ڈی ایکس ٹائمز آرکائیو

ڈی ایکس ٹائمز آرکائیو (DX Times Archive) یہ اردو ٹوڈے کا ایک خصوصی آرکائیو سیکشن ہے، جہاں ڈی ایکس ٹائمز کی تاریخی خبروں اور… More »

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button