برہان غالیون نے حکومت کیخلاف ’’جنگ آزادی‘‘لڑنے پر زور دیا ہے
استنبول(اے ایف پی/آن لائن)شامی اپوزیشن کے سربراہ برہان غالیون نے اتوار کو اس وقت تک حکومت کیخلاف ’’جنگ آزادی‘‘لڑنے پر زور دیا ہے جب تک اقوام متحدہ باب سات کے تحت کارروائی نہیں کرتی جو فوجی مداخلت کی اجازت دیتا ہے۔
استنبول میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’میں شامی عوام پر زوردیتا ہوں کہ وہ وقار اور آزادی کی جنگ کی قیادت کریں ، اپنی اپنی فورسز پر بھروسہ کریں اور اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں موجود باغیوں ، آزاد شامی فوجی بریگیڈ اور اپنے دوستوں پر انحصار کریں‘‘۔
شامی قومی کونسل کے سبکدوش ہونیوالے سربراہ غالیون نے کہاکہ یہ اقدام اس وقت تک کیلئے ہو گا جب تک عالمی برادری باب سات کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتی۔
باب سات کی قرارداد جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل لاگو کرسکتی ہے ، غیر ملکی قوتوں کو اجازت دیتی ہے کہ وہ ضروری اقدامات اٹھائیں جن میں فوجی کارروائی بھی شامل ہے۔