جنرل (ر) پرویز مشرف پارٹی کی تنظیم سازی مکمل ہوتے ہی واپس وطن لوٹ آئیں گے، آسیہ اسحاق

کراچی: آل پا کستان مسلم لیگ کی مرکزی سیکریٹری اطلاعار و نشریاتآسیہ اسحاق نے کہا ہے کہ سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف پارٹی کی تنظیم سازی مکمل ہوتے ہی واپس وطن لوٹ آئیں گے۔ ملک میں عام انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے تاہم بلدیاتی انتخابات میں بھرپو رشرکت کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینٹرل انفارمیشن سیکریٹریٹ میں ہونے والی اس پریس کانفرنس کے موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری شاہد قریشی صوبائی آرگنائزر غلام رسول انڑ اور ایڈیشنل آرگنائزر سندھ انور ہدایت اللہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کھتری برادری کے ٹکم داس کھتری نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا بھی اعلان کیا۔ آسیہ اسحاق نے کہاکہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے 3مئی کو ویڈیو لنک کے ذریعہ کراچی اور اسلام آباد سے براہ راست عوامی رابطوں کا آغاز کردیا ہے اور وہ ہر پندرہ یوم کے بعد عوامی خطاب کریں گے جبکہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے اعلان کیا ہے کہ جوں ہی پارٹی کی تنظیم سازی مکمل ہوگی وہ پاکستان واپس آکر قوم کی رہنمائی کریں گے تاہم سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے جنرل (ر) پرویز مشرف کو پاکستان نہ آنے کا مشورہ دیا ہے۔ آسیہ اسحاق نے کہا کہ ملک میں حالات ایسے نظر نہیں آتے کہ آئندہ عام انتخابات وقت پر ہوں تاہم بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے قوی امکانات ہیں جن میں ہماری جماعت بھرپور طریقے سے شرکت کرکے کامیابیوں کے ریکارڈ قائم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ تنظیم سازی کا کام 80 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ نچلی سطح پر عوامی رابطے جاری ہیں جبکہ عوام کی بڑی تعداد جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں کئے گئے ترقیاتی کاموں اور معیشت کے استحکام کیلئے خدمات سے متاثر ہو کر جوق در جوق پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانے والے پرویز مشرف قوم کو مسائل سے نکال کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 3 مئی کو ویڈیو لنک کے ذریعہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے خطاب کو میڈیا کے بعض حصوں نے غلط انداز میں پیش کرتے ہوئے یہ تاثر دیا کہ انہوں نے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی حمایت اور سپریم کورٹ کے کسی فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا۔ جس میں ذرا بھر صداقت نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری بریگیڈئیر (ر) حارث نواز سرکاری عہدے پر فائز ہونے کے بعد پارٹی چھوڑ گئے۔ سیاسی جماعتوں میں لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے تاہم ہماری جماعت ملک سے محبت کرنے والے بے لوث افراد سے بھری پڑی ہے۔

اردو ٹوڈے نیوز لیٹر

تازہ ترین خبریں، بریکنگ نیوز اور اہم تجزیے براہِ راست اپنے ان باکس میں حاصل کریں۔

قارئین کی رائے (فیس بک کمنٹس)

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مرکزی صفحہ تازہ ترین شیئر کریں تحریر بھیجیں