حولہ میں کم ازکم92افراد کے قتل کی بالکل ذمہ دار نہیں، شام
دمشق(اے ایف پی/آن لائن)شام کی حکومت وسطی علاقے حولہ میں کم ازکم92افراد کے قتل کی بالکل ذمہ دار نہیں جس پر عالمی سطح پر شور مچایا جارہا ہے یہ بات وزارت خارجہ کے ترجمان جہاد المقدیسی نے اتوار کو ایک نیوز کانفرنس میں بتائی۔ مقدیسی نے کہا’’ ہم اپنے لوگوں کیخلاف اس دہشت گردانہ قتل کی ذمہ داری سے مکمل طور پر انکار کرتے ہیں‘‘۔
ترجمان نے جمعہ اور ہفتہ کو ہونیوالی اس ہلاکتوں کا الزام دہشت گردوں پر لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ انہوں نے کہا’’ہم نے تحقیقات کے لئے ایک فوجی اور قانونی کمیٹی قائم کردی ہے‘‘ اور ’’توقع ہے کہ چند روز میں نتائج سامنے آ جائیں گے‘‘۔
مقدیسی نے کہاکہ یو این اور عرب لیگ کے خصوصی نمائندے کوفی عنان اعلیٰ حکام سے تازہ بات چیت کے لئے پیر کو شام پہنچیں گے ۔ ترجمان نے مذاکرات اور مذاکرات کی میز پر واپسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں اور اس بات کے خواہاں ہیں کہ عنان بہتر کام کریں۔