شریف برادران کے خلاف مقدمات کھولنے کی درخواست

اسلام آباد: چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری نے شریف برادران کے خلاف احتساب عدالتوں میں زیرِ التوا بدعنوانی کے مقدمات کی دوبارہ سماعت کی درخواست کی ہے۔ نیب کے ترجمان ظفر اقبال نے ‘ڈان’ کو بتایا کہ چیئرمین نیب نے خصوصی کمیٹی کی سفارش پر شریف برادران کے خلاف احتساب عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کو دوبارہ کھولنے کی درخواست کی ہے۔ ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب نے سیاستدانوں کے خلاف احتساب عدالتوں میں زیرِ التوا مقدمات پر نظرثانی کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی تھی۔ کمیٹی نے شریف برادران کے خلاف دائر مقدمات کی دوبارہ سماعت کے لیے چیئرمین نیب کے دستخط سےاحتساب عدالت میں درخواست دینے کا مشورہ دیا۔ جس پر عمل کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے درخواست پر جمعہ کی شام دستخط کردیے۔ چیئرمین نیب کی درخواست میں شریف برادران کے خلاف جن تین مقدمات کو دوبارہ کھولنے کی درخواست کی گئی ہے، ان میں حدیبیہ پیپر ملزکیس، اثاثہ جات کیس اور اتفاق فاونڈری لون ڈیفالٹ شامل ہیں۔ سن دو ہزار سات میں جب شریف برادران سعودی عرب میں جلاوطن تھے،اس وقت احتساب عدالتوں نے ان کے خلاف دائر نیب مقدمات کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی تھی۔ نیب نے شریف برادران کے وطن لوٹنے پر سن دوہزار سات میں احتساب عدالت میں ایک درخواست دائر کی تھی، جس میں ان کے خلاف زیرالتوا مقدمات کی سماعت دوبار شروع کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے اس وقت نیب کی درخواست منظور کرلی تھی مگر سن دو ہزار دس میں ان مقدمات کی سماعت ایک بار پھر غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔ چئیرمین نیب کے حکم پر قائم کردہ خصوصی کمیٹی نے سفارش کی تھی کہ ان مقدمات کی دوبارہ سماعت شروع کرانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ چیئرمین نیب اپنے دستخط سے خود عدالت کو دوبارہ سماعت شروع کرنے کی درخواست دیں جسے انہوں نے منظور کرلیا گیا۔ اب مقدمات کی سماعت شروع کرانے کے لیے چیئرمین نیب کے دستخط سے نئی درخواست احتساب عدالت کودی جارہی ہے۔ موجودہ چیئرمین نیب نے سیاست دانوں کے خلاف تمام زیر التوا مقدمات پر نظرثانی کرنے کے لے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پندرہ رکنی نیب خصوصی کمیٹی شریف برادران کے خلاف، رینٹل پاور پروجیکٹس (آر پی پیز) پاکستان ریلوے، پاکستان اسٹیل مل کے مقدمات کی تفتیش کے لیے تشکیل دی گئ ہے۔ جب اس بارے میں پنجاب حکومت کے ترجمان پرویز رشید سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ نیب نے اب تک ان کی پارٹی کو اس بارے میں مطلع نہیں کیا ہے۔ اگر ایسا کوئی نوٹس ملا تو پھر دیکھا جائے گا کہ اس معاملے میں کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقدمات کی ماضی میں بھی تین مرتبہ تحقیقات ہوچکی ہیں۔ پہلے سن انیس سو اٹھاسی اور دوبارہ سن انیس سو ترانوے میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے شریف برادران کے خلاف دو بار تحقیقات کرائیں۔ تیسری بار پرویز مشرف کے دور میں بھی ان کے خلاف تحقیقات کرائی گئی تھیں۔


مزید خبروں یا اپڈیٹس کے لئے اردو ٹوڈے کا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں.

ڈی ایکس ٹائمز آرکائیو

ڈی ایکس ٹائمز آرکائیو (DX Times Archive) یہ اردو ٹوڈے کا ایک خصوصی آرکائیو سیکشن ہے، جہاں ڈی ایکس ٹائمز کی تاریخی خبروں اور… More »

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button