شمالی کوریا کی جیلوں میں 2 لاکھ سے زائد سیاسی قیدی ہیں۔ اقوام متحدہ
اقوام متحدہ : اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جیلوں میں 2 لاکھ سے زائد سیاسی قیدی ہیں، گذشتہ 10 سال میں جیلوں میں سیاسی قیدیوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں گذشتہ روز پیش کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے 2 لاکھ سے زائد سیاسی کارکنوں کو جیلوں میں قید کر رکھا ہے اور گذشتہ دہائی کے دوران ان کی تعداد میں 2001ءکے مقابلے میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے شمالی کوریا میں انسانی حقوق کی صورتحال مرزوکی دروسمن نے جنرل اسمبلی میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے 2001ءمیں شمالی کوریا کے مخصوص مقامات کی لی گئی سیٹلائٹ تصاویر بھی دکھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ بعض افراد کو شمالی کورین انتظامیہ نے صرف ان بنیادوں پر جیل میں ڈال رکھا ہے کہ وہ بعض سیاسی قیدیوں کے رشتہ دار ہیں۔ خصوصی نمائندہ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ شمالی کوریا پر سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے دباؤ ڈالے۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی کوریا میں خوراک کی دستیابی کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہے اور وہاں کا حکومتی راشن 16 ملین کی آبادی کی صرف نصف کی ضروریات پوری کر پا رہا ہے