ضلع ٹھٹہ سے پولیو کا چوتھا کیس ظاہر

ٹھٹہ: ڈی سی او ٹھٹہ محمد جعفر عباسی نے ضلع سے پولیو کے چوتھے کیس کے سامنے آنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کو 24 اکتوبر سے 26 اکتوبر تک چلنے والی 3 روزہ پولیو خاتمہ مہم کو نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کرنے کے ساتھہ ساتھہ سول سوسائٹی کو اپیل کی ہے کہ اس مہم میں بھرپور شرکت کرکے ضلع کے 5 سال سے کم عمر کے سارے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مدد دی جائے۔ ڈی سی او ٹھٹہ نے اخبارات میں ضلع ٹھٹہ کے شاہ بندر علائقے سے پولیو کا چوتھا کیس ظاہر ہونے کی خبر پر گہری تشویش ظاہر کی جس کے مطابق یونین کونسل لاڈیوں کے گاؤں حاجی صدیق ممرانی کے رہائشی رمضان کی 9 ماہ کی بیٹی رخسانہ کو پولیو ہو جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کی مطابق پاکستان کے 103 پولیو کیسس میں سے 19 کیس سندہ سے رپورٹ ہوئے تھے جن میں اس سے پہلے ٹھٹہ اور بدین اضلاع 3-3 کیسس کے ساتھہ سر فہرست تھے۔ ڈی سی او ٹھٹہ نے کہا کہ پولیو کے کیسس سامنے آنے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ماضی میں پولیو کے قطرے پلانے والی مہمات کو درست انداز میں نہیں چلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کی 24 تاریخ سے ضلع ٹھٹہ کے 5 سال سے کم عمر کے 251462 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی 3 روزہ مہم شروع کی جائے گی جس کو نتائجہ خیز بنانا محکمہ صحت کا کام ہے۔ انہوں نے اس مہم میں سول سوسائٹی کو بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔ اس ضمن میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ٹھٹہ کے صدر ارباب وزیر احمد نے اپنے کارکنان کو اپیل کی ہے کہ پولیو خاتمہ مہم میں بھرپور شرکت کیلئے یونین کونسل سطح تک کامیٹیاں بنائی جائیں۔ اس 3 روزہ مہم کے حوالہ سے محکمہ صحت کے پولیو کے فوکل پرسن ڈاکٹر رسول بخش مگسی نے ڈی سی او ٹھٹہ کو آگاہ کیا ہے کہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 648 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ اس مہم میں 33 خواتین کارکنان اس کے علاوہ ہونگی جو گھر گھر جاکر 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 88 فکس سنٹر اور 35 ٹرانزٹ پوائنٹس اس کے علاوہ ہوں گے جہاں پر بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مہم میں 38 گاڑیاں اور 257 موٹر سائیکلیں بھی استعمال ہوں گی جس کیلئے ڈی سی او کے حکم پر دیگر محکمے بھی محکمہ صحت کو مدد مہیا کر رہے ہیں۔


مزید خبروں یا اپڈیٹس کے لئے اردو ٹوڈے کا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں.

ڈی ایکس ٹائمز آرکائیو

ڈی ایکس ٹائمز آرکائیو (DX Times Archive) یہ اردو ٹوڈے کا ایک خصوصی آرکائیو سیکشن ہے، جہاں ڈی ایکس ٹائمز کی تاریخی خبروں اور… More »

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button