عام انتخابات مقررہ وقت سے پہلے نہیں ہونگے۔ وزیراعظم
سوات میں بجلی گھرکے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان کی نیت بالکل صاف ہے اگرکوئی آلہٰ ہےتو سب سے پہلے ان کی نیت چیک کی جائے ، وزیراعظم نے کہا کہ اخباروں میں روز حکومت کے جانے کی تاریخیں دی جاتی ہیں مگرآنے والے وقت کے بارے میں صرف اللہ ہی جانتا ہے، راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ آمروں نے دس دس سال تک حکومت کی لیکن ایک میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی۔ وزیراعظم نےکہا کہ انیس سوترانوے میں بجلی کے شدید ترین بحران کے باعث بے نظیر نے آئی پی پیز کے منصوبے شروع کئے تو تنقید کرنے والوں نے تمام حدیں پار کرڈالیں ، اس وقت احتساب سیل کے سربراہ سیف رحمان نے سرمایہ کاروں کو جیل میں ڈال دیا جس سے وہ بد دل ہوگئے اور سرمایہ کاری رک گئی جبکہ بے نظیر کے بعد کسی نے بھی پانی سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ شروع نہیں کیا۔ بجلی کی پیداوار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے کئی منصوبے زیر تکمیل ہیں جن میں تھر کول پراجیکٹ بھی شامل ہے اور انکی خواہش ہے کہ وہاں ٹینٹ آفس لگا کر اس منصوبے کی نگرانی کریں. تقریب کے دوران راجہ پرویز اشرف نے علاقے میں گرڈ اسٹیشن، کیڈٹ کالج اور پاسپورٹ آفس کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ اس سے قبل وزیراعظم نے گیارہ ارب روپے کی لاگت سے بشام میں تعمیرکئے گئے خان خواڑبجلی گھرکا افتتاح کیا،اس موقع پرخیبرپختونخوا کے گورنر بیرسٹر مسعود کوثر اوروزیراعلیٰ امیرحیدرہوتی کے علاوہ وفاقی وزیر پانی وبجلی چوہدری احمدمختاربھی موجود تھے، یہ بجلی گھربہترمیگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے سوات میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کرتین روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح بھی کیا۔s