پرویز مشرف نے (ن) لیگ کو ہروایا ہوتا تو آج اسمبلیوں میں انکی موجودہ حیثیت بھی نہ ہوتی۔آسیہ اسحاق
کراچی : آ ل پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعا ت آسیہ اسحاق نے کہا ہے کہ قوم جانتی ہے کہ’’ شخصی مسلم لیگ‘‘ کے سربراہ نواز شریف ماضی میں کیا تھے اور آج کیا ہیں ‘حب الوطنی کے دعویدار نواز شریف قوم کو یہ بھی بتائیں کہ ایٹمی دھماکے کرنے سے قبل بھارتی وزیراعظم اے کے گجرال سے راز و نیاز کے کن امور پر باتیں ہو رہی تھی۔ نواز شریف گجرال دوستی میں اس قدر اندھے ہو چکے تھے کہ وطن عزیز کے دفاع کو بالائے طاق رکھ کر صرف دوستیاں نبھا رہے تھے۔جب ایٹمی دھماکے کرنے کا وقت آیا تو نواز شریف نے ناصرف انکار کر دیا بلکہ ان کی ٹانگیں بھی کانپ رہی تھیں۔مرکزی انفارمیشن سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور بقاء کا بیڑا نواز شریف نے نہیں بلکہ افواج پاکستان نے اٹھایا ہوا تھا اور وہ اب بھی اس کو نبھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ملک سے مخلصی کا اندازہ عوام 28مئی کو ہونے والے دھماکے کی فائل فوٹو دیکھ کر لگا سکتے ہیں۔آسیہ اسحاق نے کہا کہ نواز شریف پرویز مشرف پر الزام لگا رہے ہیں کہ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو ہرایا جو جھوٹ کا پلندہ ہے‘ کاش پرویز مشرف ایسا کر جاتے تو آج اسمبلی میں ان کی موجودہ حیثیت بھی نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ڈالروں کے عوض پاکستانیوں کو فروخت کرنے کا الزام لگانے والے یہ بھی بتائیں کہ یوسف رمزی کو کس نے اور کہاں سے پکڑوایا تھا اور اس کے عوض کس نے کیا لیا ہمیں سب معلوم ہے۔آسیہ اسحاق نے کہا کہ نواز شریف قوم کو یہ بھی بتائیں کہ 28مئی 1999ء میں مزار قائد میں دو معصوم نوجوانوں کے قتل کا اصل ذمہ دار کون ہے۔نواز شریف کو چاہیے کہ قوم کو یہ بھی بتائیں صدر مملکت آصف علی زرداری کو کس کے کہنے پر جیل مینول کے خلاف جیل سے نکال کر سول لائن تھانہ کراچی میں رکھا گیا اور ان پر تشدد بھی کیا گیااور اس تمام کھیل کی منصوبہ بندی کہاں ہوئی۔