پیر الہٰی بخش نے بھائی چارے، محبت اور یگانگت کا درس د یا : نثار احمد کھوڑو

کراچی: سندھ اسمبلی کے اسپیکر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پیر الہٰی بخش مرحوم جیسی شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہے، ان لوگوں نے اپنے دور میں بھائی چارے ، اخوت اور باہمی اتحاد کیلئے پل کا کام کیا۔ وہ آج سندھ اسمبلی میں منعقدہ سندھ کے پہلے مسلمان وزیر تعلیم اور سابق وزیراعلیٰ سندھ پیر الہٰی بخش مرحوم کی 36 ویں برسی کے موقع پر ہونے والے منعقدہ سیمینار سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریر کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیر الہٰی بخش نے تعلیم کے حوالے سے بہت خدمات انجام دی تھیں، انہوں نے سندھ یونیورسٹی کی بنیاد رکھی جس کی وجہ سے سندھ کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کیلئے بمبئی جیسے دوردرازہ کے علاقے میں جانے کے بجائے یہیں یہ مواقع ملے۔ جس کی وجہ سے یہاں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے افراد کی تعداد میں خاصہ اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پیر الہٰی بخش نے اپنے دور میں کالج کادرجہ دلایا، کراچی یونیورسٹی کی بنیاد رکھی اور بابائے اردو مولوی عبدالحق کے ساتھ مل کر پنجرہ پور ٹرسٹ میں انجمن ترقی اردو کی بنیاد رکھی جو بعد میں اردو کالج اور یونیورسٹی بنا۔ انہوں نے کہا کہ جب مہاجروں کے لٹے پٹے قافلے سندھ میںداخل ہورہے تھے تو انہیں مونابائو میں کھانے کے انتظام سے لیکر سر چھپانے کیلئے جگہ فراہم کرنے کا کام انہوں نے انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیر الہٰی بخش کالونی، دہلی کالونی، پیر آبادجیسے علاقوں میں مہاجرین کو آباد کیا جس کی وجہ سے ان علاقوں کے لوگ انہیں یاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمیں پیر الہٰی بخش جیسے لوگوں کی ضرورت ہے جو شہری اور دیہی علاقوں کی تفریق کو ختم کرکے ان کے درمیان بھائی چارگی ، یگانگت اور محبتیں پیدا کریں اور صحیح معنوں میں اسی طرح پل کا کام کریں جو پیر الہٰی بخش کا خاصہ تھا۔ اس موقع پر سینئر وزیر برائے تعلیم و خواندگی پیر مظہرالحق نے تقریر کرتے ہوئے کہا گو کہ یہ میرے دادا تھے، لیکن ان کی جو خدمات ہیں اس پر مجھے فخر ہے آج نہ صرف دادو بلکہ کراچی میں بھی ان کے چاہنے والوں کی بہت بڑی تعداد ان کے کاموں کی وجہ سے موجود ہے۔ انہی کی تربیت کا نتیجہ ہے کہ میں پوری کوشش کررہا ہو کہ اپنے دادا جان کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہوکر سندھ میں تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں اور یہاں تعلیمی تناسب بڑھے تاکہ مستقبل میں یہ ترقی یافتہ صوبہ کہلائے۔ تقریب سے وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار، صوبائی وزیر سید سردار احمد، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد، سیکریٹری تعلیم محمد صدیق میمن، چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ انوار احمد زئی، عبرت اخبار کے چیف ایگزیکیوٹو قاضی اسد عابد، سندھ مدرستہ الاسلام کے پرنسپل محمد علی شیخ، سندھ کے نامور ادیب پروانو بھٹی، یاسین ملک اور دیگر نے خطاب کیا اور پیر الہٰی بخش کی تعلیم اور باہمی محبت کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ آخر میں سندھ کے تمام بورڈز کے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو پیر الہٰی بخش ایوارڈ ، سرٹیفکیٹ اور انعامات دیئے گئے۔

اردو ٹوڈے نیوز لیٹر

تازہ ترین خبریں، بریکنگ نیوز اور اہم تجزیے براہِ راست اپنے ان باکس میں حاصل کریں۔

قارئین کی رائے (فیس بک کمنٹس)

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مرکزی صفحہ تازہ ترین شیئر کریں تحریر بھیجیں