چین کے شہر ہانگ چو کی دلکشی
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

چین کا تاریخی شہر ہانگ چو اپنی قدیم تہذیب، ثقافتی ورثے اور قدرتی حسن کے باعث دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ یہ شہر نہ صرف جدید چین کی معاشی اور تکنیکی ترقی کی علامت ہے بلکہ صدیوں پرانی تاریخ، ادب، فنون اور آبی ثقافت کا بھی ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔ ہانگ چو کی شناخت میں خاص طور پر تین مقامات کو مرکزی حیثیت حاصل ہے جنہیں دنیا بیجنگ۔ہانگ چو گرینڈ کینال ،ویسٹ لیک اور شی شی نیشنل ویٹ لینڈ کے نام سے جانتی ہے۔ یہ تینوں مقامات نہ صرف چین کی تاریخی و ثقافتی عظمت کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ انسانی تہذیب اور قدرتی ماحول کے حسین امتزاج کی بھی بہترین مثال ہیں۔
گرینڈ کینال: چینی تہذیب کی عظیم علامت
چین میں ایک مشہور کہاوت ہے کہ دنیا کے دو عظیم عجائبات میں ایک عظیم دیوارِ چین ہے اور دوسرا عظیم گرینڈ کینال۔ دنیا کی قدیم ترین، طویل ترین اور عظیم ترین مصنوعی آبی گزرگاہ سمجھی جانے والی گرینڈ کینال چین کی تہذیبی اور تاریخی ترقی کی علامت ہے۔
اس نہر کی تاریخ تیرہ سو برس پر محیط ہے جبکہ اس کے ابتدائی حصے کی تعمیر پانچویں صدی قبل مسیح میں شروع ہوئی تھی۔ بیجنگ۔ہانگ چو گرینڈ کینال بیجنگ سے شروع ہو کر ہانگ چو تک پھیلی ہوئی ہے اور اس کی مجموعی لمبائی تقریباً ایک ہزار سات سو چورانوے کلومیٹر ہے۔ یہ نہر چین کے دو عظیم دریاؤں، دریائے زرد اور دریائے یانگسی، کو آپس میں ملاتی ہے۔
ابتدائی طور پر اس نہر کو اناج، شاہی سامان اور دیگر ضروری اشیاء کی نقل و حمل کے لیے تعمیر کیا گیا تھا، لیکن بعد میں یہ تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز بن گئی۔ اس نہر کے اطراف آباد ہونے والے شہر اور بازار وقت کے ساتھ چین کے اہم اقتصادی مراکز میں تبدیل ہو گئے۔
گرینڈ کینال نے نہ صرف معیشت بلکہ چینی ثقافت اور سیاسی اتحاد میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ مختلف ادوار کے چینی بادشاہ اس نہر کے ذریعے جنوبی چین کے سفر کیا کرتے تھے۔اسی تاریخی اہمیت کے باعث گرینڈ کینال کو “چینی تاریخ، قدیم ٹیکنالوجی اور مقامی ثقافتوں کی گیلری” بھی کہا جاتا ہے۔
ویسٹ لیک: حسن، شاعری اور داستانوں کی جھیل
ہانگ چو کی سب سے مشہور علامت ویسٹ لیک ہے، جسے دنیا کی خوبصورت ترین جھیلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ تاہم اس جھیل کی اصل دلکشی صرف اس کے قدرتی مناظر تک محدود نہیں بلکہ اس کے ساتھ جڑی صدیوں پرانی داستانیں، شاعری، مصوری، خطاطی اور تہذیبی روایات بھی اس کی انفرادیت کو نمایاں کرتی ہیں۔
چین میں شاید ہی کوئی دوسری جھیل ہو جس نے اتنے طویل عرصے تک شاعروں، ادیبوں، مصوروں، خطاطوں اور بادشاہوں کو اپنی جانب متوجہ کیا ہو۔ ویسٹ لیک کا حسن مختلف موسموں میں مختلف انداز سے جلوہ گر ہوتا ہے۔
مشہور شاعر سو دونگ پو نے ویسٹ لیک کی خوبصورتی کو اپنے اشعار میں یوں بیان کیا:
“دھوپ میں چمکتی لہریں آنکھوں کو مسحور کرتی ہیں،
بارش میں دھندلے پہاڑ نادر منظر پیش کرتے ہیں،
ویسٹ لیک ایسی حسین دوشیزہ کی مانند ہے،
جو سادہ لباس میں بھی دل موہ لیتی ہے اور آراستہ ہو تو اور بھی دلکش لگتی ہے۔”
ویسٹ لیک کے گرد موجود ٹیمپل، جزیرے، چائے خانے، قدیم پل، باغات، یادگاری عمارتیں اور بید کے درخت اس کے حسن کو مزید چار چاند لگاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ مقام سیاحوں کے ساتھ ساتھ فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد کے لیے بھی غیر معمولی کشش رکھتا ہے۔
ویسٹ لیک کی تخلیق سے متعلق متعدد دیومالائی روایات بھی مشہور ہیں۔ ایک روایت کے مطابق آسمان سے گرنے والا ایک چمکتا ہوا موتی ہانگ چو میں اس حسین جھیل میں تبدیل ہو گیا تھا۔ تاہم ماہرینِ ارضیات کے مطابق یہ جھیل دراصل دریائے چھیان تانگ کے دہانے پر واقع ایک قدیم جھیل تھی، جسے صدیوں کی صفائی اور آبی تبدیلیوں نے موجودہ شکل دی۔اس کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے پیشِ نظر یونیسکو نے 2011ء میں ویسٹ لیک کو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا تھا۔
شی شی نیشنل ویٹ لینڈ پارک: شہر کے درمیان قدرتی سکون
شی شی نیشنل ویٹ لینڈ پارک ہانگ چو کے ان تین مشہور مقامات میں شامل ہے جنہیں “تھری شی” کہا جاتا ہے۔ تقریباً دس مربع کلومیٹر پر پھیلا یہ پارک چین کا پہلا اور واحد قومی ویٹ لینڈ پارک ہے جو شہری، زرعی اور ثقافتی ویٹ لینڈز کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔
اس پارک کا تقریباً ستر فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہے، جہاں جھیلیں، تالاب، دلدلی علاقے اور چھوٹی نہریں قدرتی حسن کو نمایاں بناتی ہیں۔ یہاں مختلف اقسام کے آبی پرندے، مچھلیاں اور نباتات پائی جاتی ہیں جبکہ خزاں میں سرکنڈوں کے سفید پھول اور سردیوں میں آلو بخارے کے پھول اس پارک کی خاص پہچان ہیں۔
شی شی نیشنل ویٹ لینڈ پارک کی تاریخ اٹھارہ سو برس سے زیادہ پرانی ہے۔ مشرقی جن خاندان کے دور میں اس کا ذکر ملتا ہے جبکہ منگ اور چھنگ ادوار میں یہ علاقہ ثقافتی سرگرمیوں کا اہم مرکز رہا۔ یہاں یوئے اوپیرا، ڈریگن بوٹ ریسنگ اور ریشم سازی جیسی روایتی سرگرمیاں بھی فروغ پاتی رہیں۔
قدرتی سکون اور خاموشی کی وجہ سے یہ مقام قدیم ادیبوں اور شاعروں کا پسندیدہ مسکن رہا ہے، جنہوں نے اپنی تخلیقات کے ذریعے اس علاقے کو مزید ادبی اور ثقافتی اہمیت بخشی۔
مجموعی طور پر ہانگ چو چین کے ان منفرد شہروں میں شامل ہے جہاں تاریخ، ثقافت، قدرتی حسن اور انسانی تخلیقی صلاحیت ایک دوسرے کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں نظر آتے ہیں۔ عظیم گرینڈ کینال چین کی تہذیبی عظمت کی علامت ہے، ویسٹ لیک شاعری، حسن اور ثقافتی ورثے کی عکاس ہے، جبکہ شی شی ویٹ لینڈ پارک قدرت اور انسان کے متوازن تعلق کی خوبصورت مثال پیش کرتا ہے۔ یہی عناصر ہانگ چو کو نہ صرف چین بلکہ دنیا کے ممتاز ترین ثقافتی اور سیاحتی شہروں میں شامل کرتے ہیں۔