یمن : سکیورٹی فورسز کی تازہ کارروائیوں میں 10 مظاہرین ہلاک ، متعدد زخمی
صنعاء (آن لائن)یمن میں سکیورٹی فورسز کی تازہ کارروائیوں میں دس مظاہرین ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، اقوام متحدہ نے ملک میں سیاسی بحران کے حل کے لئے امن منصوبہ میں فوری پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا ہے ،غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سکیورٹی فورسز نے صوبہ آبیان میں مظاہرین کے خلاف تازہ کارروائیاں کیں جن میں دو صومالی اور ایک سعودی شہری سمیت دس افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے یمن میں حقوق انسانی گروپ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملک میں مظاہروں کے آغاز سے اب تک چار سو مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں،دریں اثناء یمن کے دورے پر آئے ہوئے اقوام متحدہ کے سفیر جمال بینو مار نے یمنی صدر عبد اللہ صالح سمیت دیگر اعلی حکام سے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران انہوں نے ملک میں سیاسی بحران کے خاتمے کے لئے امن منصوبے میں پیشرفت کا مطالبہ کیا ہے ،ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سفیر نے کہا کہ اقوام متحدہ یمن کو پرامن طریقے سے بحران سے نکالنے کے لئے کوشاں ہے