تیرہ نومبر کو پیپلزپارٹی کی جانب سے دفاع جمہوریت ریلی“ نکالی جائیگی

کراچی: پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کی جنرل باڈی کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت سید نجمی عالم پیپلزسیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر تاج حیدر اور ڈاکٹر قیصر بنگالی نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ جنرل باڈی اجلاس میں ڈویژنل عہدیداروں ، ضلعی عہدیداروں، سٹی ایریا کے عہدیداروں اور تمام ذیلی تنظیموں کے ڈویژنل و ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 13نومبر کو اتوار کے دن 2بجے دوپہر ٹاور سے براستہ بندر روڈ جامع کلاتھ تک ایک عظیم الشان ”دفاع جمہوریت ریلی“ نکالی جائیگی۔ بعداذاں جامع کلاتھ پر جلسہ عام ہوگا جس سے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ ، سید خورشید شاہ ، رضا ربانی و دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب تاج حیدر نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر پیپلزپارٹی کی منتخب حکومت کے خلاف سازشیں شروع ہوگئی ہیں ، جمہوریت دشمن اور رجعت پسند عناصر ملک سے جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں اور چور دروازے سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایسے عناصر کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی باری کا انتظار کریں اور جمہوری نظام کے خلاف سازشیں بند کردیں جو بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد نافذ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرانزیکشن پریڈ ہے۔ ہمیں مکمل جمہوریت کی طرف جاناہے ہم ملک میں صحت مند جمہوری نظام قائم کرنا چاہتے ہیںاور ڈکٹیٹر کے دور کی خرابیوں کو دور کررہے ہیں۔ ہمیں مسائل ورثے میں ملے ہوئے بہت سے مسائل حل کئے ہیں دیگر مسائل بھی حل کررہے ہیں۔ ملک کو درپیش اندرونی وبیرونی خطرات کا مقابلہ کررہے ہیں۔ عوام کی طاقت سے جمہوری نظام کے خلاف کی جانے والی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔
جنرل باڈی اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے سید نجمی عالم اور سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے عوام 13نومبر کو پیپلزپارٹی کراچی کی جانب سے نکالی جانے والی تاریخی دفاع جمہوریت ریلی میں بھرپور شرکت کرکے یہ ثابت کردیں گے کہ کراچی کے عوام جمہوریت پسند ہیں اور جمہوری نظام کے خلاف کی جانے والی کسی سازش کا نہ حصہ بنیں گے اور نہ ہی کامیاب ہونے دیں گے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کی ہر سطح کے عہدیداروں، کارکنوں اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ مجوزہ ریلی کی کامیابی کیلئے بھرپور جدوجہد کریں تاکہ چور دروازے سے اقتدار میں آنے کا خواب دیکھنے والے عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنا یا جاسکے۔ اجلاس سے پانچوں اضلاع کے عہدیداروں اور تمام سٹی ایریا ز کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔

اردو ٹوڈے نیوز لیٹر

تازہ ترین خبریں، بریکنگ نیوز اور اہم تجزیے براہِ راست اپنے ان باکس میں حاصل کریں۔

قارئین کی رائے (فیس بک کمنٹس)

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مرکزی صفحہ تازہ ترین شیئر کریں تحریر بھیجیں