کھاد کی درآمد بروقت اور ترسیل انتہائی شفاف انداز میں سیاسی وابستگی کے بغیر کی جائے گی،محمد بشارت راجہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت محمد بشار ت راجہ نے کہا ہے کہ کھاد کی درآمد او ر اس کی ترسیل انتہائی شفاف انداز میں کی جائے گی۔ اس ضمن میں تمام قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کی جائیگی اور درآمد و تقسیم کا تمام عمل عوام کے سامنے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی کے اس دور میں حکومتی معاملات میں شفافیت میں اضافہ ہوا ہے اور عوام کی معلومات تک رسائی آسان ہوئی ہے۔
مشیر صنعت نے کہا کہ حکومت ملک میں یوریا کی ضرورت سے بخوبی آگاہ ہے۔ حکومت خریف کے آخری دنوں میں کھاد درآمد بھی کر چکی ہے۔ اگر گیس کی تقسیم کے فارمولے پر عمل کیا جاتا تو 15 نومبر تک کھاد فیکٹریوں کو گیس مہیا کی جاتی جس سے ملک میںضرورت کے مطابق کھاد میسر ہوتی۔ لیکن گیس کی کمی کے باعث کھاد فیکٹریوں کو قبل از وقت گیس لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو کھاد کی بروقت دستیابی کیلئے ملک میں کھاد کی درآمد اور ترسیل ایک ہی ادارے کو دینے کی سفارش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر انتہائی غلط ہے کہ کھاد کو سیاسی آلے کے طور پر استعمال کیا جائےگا۔حکومت ملکی معیشت کیلئے کھاد کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور کھاد کسانوں کی ضرورت کے مطابق بغیر کسی سیاسی وابستگی کے ہر جگہ مہیا کی جائےگی۔
محمد بشارت راجہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کھاد کی درآمد ٹی سی پی کے ذریعے ہونے کے باوجود ملک میں کھاد کی ترسیل وزارت صنعت کے ذمے تھی جسے وزارت نے قطعاً سیاسی مقاصد میں استعمال نہیں کیا۔ اس مرتبہ بھی شفافیت کو برقرار رکھاجائےگا۔

اردو ٹوڈے نیوز لیٹر

تازہ ترین خبریں، بریکنگ نیوز اور اہم تجزیے براہِ راست اپنے ان باکس میں حاصل کریں۔

قارئین کی رائے (فیس بک کمنٹس)

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مرکزی صفحہ تازہ ترین شیئر کریں تحریر بھیجیں