بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کے بدلے ترقی اور انعامات وصول کرتے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل
ممبئی ۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے جنوبی ایشیا ءمیں ایک ذیلی گروپ کے نمائندے گووند اچاریہ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں اجتماعی قبروں کے معاملے کو نظر انداز کرنے پر تلی ہوئی ہے جو اسکے منفی رویے کی نشاندہی کرتا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گووند اچاریہ نے ممبئی میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ گم شدہ افراد کے لواحقین یہ نہیں جانتے کہ انکے پیاروں کے ساتھ کیا ہوا اور شاید وہ کبھی جان بھی نہیں پائیں گے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کے بدلے شاید ترقی اور انعامات وصول کرتے ہیں۔ گووند اچاریہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں زیادہ تر عام شہری ظلم و ستم کا نشانہ بنتے ہیں جس کے خلاف انسانی حقوق کے ادارے محض آواز بلند کر سکتے ہیں جبکہ متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور مجرموں کا احتساب کرنا بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ گووند اچاریہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں یہ توقع نہیں ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی اجازت دے گا۔
نیوز ایجنسی